March 3, 2021

News PK

Latest Updates

ویڈیو اسکینڈل: صحافی تحقیقاتی کیمٹی میں پیش

سینیٹ کا ووٹ فروخت کرنے کی ویڈیو منظرعام پر لانے والے صحافی ارشد شریف تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے پیش ہوگئے جس پر کمیٹی نے ویڈیو کو اصلی قرار دیتے ہوئے فارنزک نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

اے آر وائی نیوز کے اینکرپرسن ارشد شریف گزشتہ ہفتے ویڈیو منظرعام پر لائے تھے جس میں تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے متعدد ارکان اسمبلی سینیٹ کے ووٹ کے بدلے رقم وصول کر رہے ہیں۔

ویڈیو میں نظر آںے والے سلطان محمد خان خیبرپختونخوا کے وزیر قانون تھے۔ ان سے قلمدان واپس لے لیا گیا جبکہ سابق رکن اسمبلی عبیداللہ مایار نے انکشاف کیا ہے کہ یہ رقم پرویز خٹک کے کہنے پر سینیٹر فدا محمد خان نے اسپیکر ہاؤس میں تحریک انصاف کے ارکان میں تقسیم کی۔ پرویز خٹک اور اسد قیصر نے اس الزام کی تردید کی ہے۔

حکومت نے اس معاملے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دی ہے اور بدھ کو اینکر پرسن ارشد شریف تحقیقاتی کمیٹی میں پیش ہوئے اور بلیک فائل کمیٹی کو دے دی۔

تحقیقاتی کمیٹی نے قرار دیا کہ ویڈیو جعلی ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا، اس لیے فیصلہ ہوا ہے کہ ویڈیو کا فرانزک نہیں کرایا جائے گا۔ کمیٹی میں پیشی کے بعد اینکر پرسن ارشد شریف نے میڈیا کو بتایا کہ ان کے پاس موجود شواہد کمیٹی کو دے دیئے ہیں۔

مشیر احتساب اور کمیٹی کے رکن شہزاد اکبر کے مطابق ابھی مزید ثبوت اور شواہد جمع کیے جائیں گے۔ اعلان عام کیا گیا ہے کہ جس کسی کے پاس بھی اسکینڈل سے متعلق کوئی بھی اطلاع یا شواہد اور ثبوت ہوں وہ کمیٹی کو ارسال کیے جائیں یا خود آکر بھی دے سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں