March 5, 2021

News PK

Latest Updates

لاہور چڑیا گھر میں مرنے والے وائٹ ٹائیگر کے بچوں کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آ گئی … وائٹ ٹائیگر کے بچوں کی آنتوں میں سوزش تھی، پھیپھڑوں میں انفیکشن سے بایاں پھیپھڑا سکڑ چکا … مزید

وائٹ ٹائیگر کے بچوں کی آنتوں میں سوزش تھی، پھیپھڑوں میں انفیکشن سے بایاں پھیپھڑا سکڑ چکا تھا ، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں وائٹ ٹائیگر کے بچوں کی موت کورونا وائرس کے باعث ہونے کا خدشہ

Shehryar Abbasi شہریار عباسی
بدھ فروری
19:27

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 10 فروری 2021ء) لاہور کے چڑیا گھر میں وائٹ ٹائیگر کے 2 بچوں کی اچانک ہلاکت کا معاملہ، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کورونا وائرس سے موت کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چڑیا گھر میں ہلاک ہونے والے سفید ٹائیگر کے دونوں بچوں میں کورونا وائرس کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق وائٹ ٹائیگر کے بچوں کی آنتوں میں سوزش تھی۔ بتایاگیا ہے کہ ٹائیگر کے بچوں کے پھیپھڑوں میں انفیکشن سے بایاں پھیپھڑا سکڑ چکا تھا، جب کہ دائیں پھیپھڑے میں پانی بھر چکا تھا، وائٹ ٹائیگرز کے دل میں ہیمبرج کے باعث خون کے دھبے بھی پائے گئے ہیں ۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شیر کے بچوں کو سانس لینے میں بھی دشواری کا سامنا تھا، یاد رہے کہ چند روز قبل لاہور چڑیا گھر میں نایاب سفید ٹائیگر کے دو بچے تین ماہ کی عمر میں وائرل انفیکشن کی وجہ سے مر گئے تھے۔

(جاری ہے)

ٹائیگر کے بچوں کی موت پر چڑیا گھر کی جانب سے کہا گیا تھا کہ دونوں بچوں کی ماں ان کی ٹھیک طریقے سے دیکھ بھال نہیں کر رہی تھی جس کی وجہ سے وہ ہلاک ہوئے۔ سفید ٹائیگر کے ہاں تین ماہ قبل 4 بچے پیدا ہوئے تھے، ایک بچہ کمزوری کے باعث پیدائش کے وقت ہی مر گیا تھا، ایک بچہ پیدائش کے ایک ماہ بعد ہلاک ہوا جب کہ دو گزشتہ دنوں ہلاک ہوگئے تھے ۔ واضح رہے کہ چڑیا گھر کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ زو کے 6 ملازمین میں بھی کورونا کی تشخیص ہو چکی ہے۔ ملازمین میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد چڑیا گھر کے جانوروں میں کورونا وائرس منتقل ہونے کا بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا ۔ تاہم اب وائٹ ٹائیگر کے بچوں کی ہلاکت کے بعد ان کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں وائرس کے باعث موت کے خدشے نے اس بات کا امکان پیدا کردیا ہے کہ چڑیا گھر کے مزید جانور بھی اس وائرس کا شکار ہو سکتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :