March 1, 2021

News PK

Latest Updates

راولپنڈی ٹیسٹ، پاکستان نے جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 370 رنز کا ہدف دیدیا … محمد رضوان کی شاندار سنچری، 115 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے

راولپنڈی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 7 فروری 2021ء ) دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے محمد رضوان کی شاندار سنچری کی بدولت جنوبی افریقا کو جیت کےلیے 370 رنز کا ہدف دیا ہے۔ راولپنڈی میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستان 272 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئی،جواب میں مہمان ٹیم 201 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور میزبان ٹیم کو 71 رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی ،قومی ٹیم دوسری اننگز میں 298 رنز پر آؤٹ ہوئی۔ ٹیسٹ کے چوتھے روز وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی سنچری مکمل کی۔ نعمان علی نے ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے 97 رنز کی شراکت قائم کی۔ نعمان 45 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ، محمد رضوان 115 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگز میں 15 چوکے شامل تھے۔ قومی ٹیم کے اوپنرزدوسری اننگز میں بھی ناکام ثابت ہوئے۔

(جاری ہے)

عمران بٹ 0، عابد علی 13، بابراعظم 8، اظہرعلی 33، فواد عالم 12، فہیم اشرف 29، یاسر شاہ 23، حسن علی 5 اور شاہین آفریدی 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

لیفٹ آرم سپنر جارج لنڈے نے 5 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ کیشو مہاراج نے 3 اور کگیسو ربادا نے 2 وکٹیں حاصل کی۔ اس سے قبل جنوبی افریقا کے کپتان کوئنٹن ڈی کاک پہلی اننگز میں 29 رنز بناکرآؤٹ ہوئے، ویان ملڈر 33، جورج لنڈے 21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ڈین ایلگر 15، وان ڈیر ڈاسن کو کھاتہ کھولے بغیر بولڈ ہوگئے۔ فاف ڈپلسی 17 رنز بنانے کے بعد فہیم اشرف کا شکار بنے، ایڈن مارکرم 32 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ٹمبا باوما 44 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ قومی ٹیم کی جانب سے حسن علی نے 5، نعمان علی، فہیم اشرف اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ قومی ٹیم پہلی اننگز میں ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے بعد فہیم اشرف، کپتان بابراعظم اور فواد عالم کی ذمہ دارنہ بیٹنگ کی بدولت 272 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ بابراعظم 77 اور فواد عالم 45 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ فہیم اشرف 78 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ عمران بٹ 15، عابد علی 6، اظہر علی 0، محمد رضوان 18 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ حسن علی، یاسر شاہ اور نعمان علی نے 8،8 رنز سکور کیے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے انرج نورٹجے نے 5 اور کیشومہاراج نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ کپتان بابراعظم نے کہا کہ کراچی ٹیسٹ والی ٹیم کوہی برقراررکھا ہے۔ دوسری جانب مہمان ٹیم نے لونگی نگیڈی کی جگہ آل راؤنڈر ویان ملڈر کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔ واضح رہے کہ کراچی میں ہونے ٹیسٹ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو شکست دی تھی۔