March 6, 2021

News PK

Latest Updates

جاپان نے صرف 80 منٹ میں کورونا ٹیسٹ کرنے والے روبوٹ تیار کرلیے

یہ ٹیسٹ صرف 80 منٹ میں نتائج دے دیتا ہے، فوٹو: جاپان ٹائمز

یہ ٹیسٹ صرف 80 منٹ میں نتائج دے دیتا ہے، فوٹو: جاپان ٹائمز

ٹوکیو: جاپان کی کمپنی کاواساکی نے ایسا روبوٹ تیار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جو مریض کی ناک اور حلق سے نمونے لے سکتا ہے اور صرف 80 منٹ میں نتیجہ بھی بتاسکتا ہے۔ 

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق جاپان میں اولمپک گیمز کی تیاریوں کے سلسلے میں کورونا سے بچاؤ کے لیے بھی اقدامات کیئے جارہے ہیں جس کے تحت اسٹیڈیم میں آنے والے تماشیوں کے کورونا ٹیسٹ کرنے کے لیے ایک روبوٹ تیار کیا گیا ہے۔

یہ روبوٹ جاپانی کمپنی کاواساکی نے تیار کیا ہے جب کہ جاپان کے وزیر صحت نے آج ان روبوٹس کا معائنہ کیا اور ماہرین سے تفصیلات حاصل کیں۔ روبوٹ مصنوعی بازو کے ذریعے مریض کی ناک اور حلق سے نمونے لے سکتا ہے اور صرف 80 منٹ کے اندر نتیجہ بھی دیدے گا۔

یہ سسٹم 16 گھنٹوں میں 2 ہزار نمونوں کی پراسیسنگ کر سکتا ہے۔ یہ سسٹم دو حصوں پر مشتمل ہے، ایک مصنوعی بازو ہے جو ٹیسٹ کے لیے نمونے لیتا ہے اور دوسری لیب ٹیکنیک مشین ہے جس میں ٹیسٹ انجام دیا جائے گا۔

جاپانی وزیر صحت تامورا کا کہنا تھا کہ اولمپک گیمز کے دوران زیادہ سے زیادہ اور سبک رفتاری کے ساتھ کورونا ٹیسٹ کرنا چاہتے ہیں جس کے لیے اس روبوٹ کی ایجاد بڑی کامیابی ہے۔

ان روبوٹس کی خاص بات یہ ہے کہ انہیں ٹرکوں پر لاد کر کھیل کے میدانوں، تھیم پارکوں اور دوسرے عوامی مقامات پر پہنچائے جا سکتے ہیں جہاں کم وقت میں بڑی تعداد میں کورونا ٹیسٹ کرنا ممکن ہوگا۔

واضح رہے کہ جاپان میں اس وقت روزانہ صرف پچاس ہزار ٹیسٹ ہورہے ہیں جو بہت کم ہیں اور حکومت کو تنقید کا سامنا ہے۔ جاپان میں 3 لاکھ 37 ہزار افراد کورونا سے متاثر ہوئے اور یہ مہلک وائرس 4 ہزار 598 افراد کی جان لے چکا ہے۔