March 8, 2021

News PK

Latest Updates

راولپنڈی ٹیسٹ ،دوسری اننگز میں پاکستانی کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی … پاکستان کے پہلی اننگز میں 272 اور مہمان ٹیم کے201 رنز، قومی ٹیم کو 147 رنز کی برتری حاصل

راولپنڈی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 6 فروری 2021ء ) دوسرے ٹیسٹ میں جنوبی افریقی ٹیم پہلی اننگز میں 201 رنز پر آؤٹ ہوگئی جب کہ دوسری اننگز میں پاکستان کی آدھی ٹیم 76 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئی۔ راولپنڈی میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستان کے 272 رنز کے جواب میں مہمان ٹیم 201 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور میزبان ٹیم کو 71 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔ جنوبی افریقا کیخلاف اوپنرز دوسری اننگز میں بھی ناکام ثابت ہوئے۔ عمران بٹ کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹ گئے، عابد علی کی مزاحمت 13 رنز پر دم توڑ گئی۔ کپتان بابراعظم اس سیریز میں تیسری بار لیفٹ آرم سپنر کیشو مہاراج کا شکار بنے، وہ 8 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، اظہر علی 33 رنز بنا کر جارچ لنڈے کا شکار بنے، فواد عالم بھی 12 رنز بنانے کے بعد جارج لنڈے کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

تیسرے روز کھیل کا آغاز ہوا تو کپتان کوئنٹن ڈی کوک 29 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، ویان ملڈر 33، جورج لنڈے 21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے،ٹمبا باوما 44 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، ڈین ایلگر 15، وین ڈیر ڈسن کھاتہ کھولے بغیر بولڈ ہوگئے۔ فاف ڈوپلیسی 17 رنز بناکر فہیم اشرف کا شکار بنے، ایڈن مارکرم 32 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ قومی ٹیم کی جانب سے حسن علی نے 5، نعمان علی، فہیم اشرف اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل قومی ٹیم پہلی اننگز میں ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے بعد فہیم اشرف، کپتان بابراعظم اور فواد عالم کی ذمہ دارنہ بیٹنگ کی بدولت 272 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ بابراعظم 77 اور فواد عالم 45 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ فہیم اشرف 78 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ عمران بٹ 15، عابد علی 6، اظہر علی 0، محمد رضوان 18 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ حسن علی، یاسر شاہ اور نعمان علی نے 8،8 رنز سکور کیے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے انرج نورٹجے نے 5 اور کیشومہاراج نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان نے کراچی ٹیسٹ والی ٹیم برقراررکھی۔ دوسری جانب مہمان ٹیم نے لونگی نگیڈی کی جگہ آل راؤنڈر ویان ملڈر کو ٹیم میں شامل کیا۔ واضح رہے کہ کراچی ٹیسٹ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو7وکٹوں سے شکست دی تھی۔