خبریں

تازہ ترین

کراچی: امتیاز سمیت متعدد سپر مارکیٹس، ہوٹلز سیل

کراچی میں انتظامیہ نے کرونا وائرس کے ضابطہ کار پر عمل درآمد نہ کروانے کی پاداش میں امتیاز سپر مارکیٹ سمیت درجنوں دیگر اسٹورز، بیکریاں، دکانیں اور ریسٹورنٹس سیل کردیے۔ متعدد کاروباروں پر 9 لاکھ تک کا جرمانہ بھی عائد کردیا گیا ہے۔

ڈسٹرکٹ ایسٹ انتظامیہ نے کورونا وائرس ایس او پیز کی خلاف ورزی پر گلشن اقبال میں متعدد ریسٹورنٹس، ہوٹلز، سپر مارکیٹس اور بیکری سیل کردیے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عرفان میروانی کے مطابق امتیاز سپر اسٹور اور سیو وے سپر اسٹور کو سیل کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ گلشن اقبال میں واقع اربن تڑکہ اور ضمیر انصاری کو سیل کر دیا گیا ہے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے مطابق گلشن اقبال میں واقع کانٹیننٹل بیکری کی برانچ کو بھی کورونا وائرس ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سیل کیا گیا ہے۔ ان تمام مراکز کو سیل  کرنے کے ساتھ ساتھ جرمانے بھی عائد کئے گئے ہیں۔ ان تمام دکانوں اور سپر اسٹورز پر 9 لاکھ روپے کے جرمانے کئے گئے ہیں۔

دوسری جانب اسٹنٹ کمشنر آرام باغ ڈاکٹر عمران، اسسٹنٹ کمشنر سول لائن ولید بیگ اور اسسٹنٹ کمشنر صدر شیرینہ اسد نے ضلع کے مختلف علاقوں میں مارکیٹس، ریسٹورنٹ اور کوچنگ سینٹرز  کے دورے  کیے۔ حکام نے برنس روڈ اور پاکستان چوک پر ایس او پیز کی خلاف ورزی پر دو دکانیں سیل اور متعدد کو وارننگ جاری کردی۔

بدر کمرشل میں سوئٹ شاپ پر 10 ہزار روپے جبکہ صدر میں بھی متعدد دکانوں پر جرمانہ عائد کیا گیا۔ لیاری کی یوسی 4 اور 5 میں دو شاپس اور کوچنگ سینٹرز کو ایس او پیز کی خلاف ورزی پر وارننگ جاری کی گئی۔

متعلقہ خبریں