خبریں

تازہ ترین

عمران بٹ اور سعود شکیل ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کا مستقبل ہیں، یاسر حمید

اسلام آباد۔18نومبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین – اے پی پی۔ 18نومبر2020ء) :پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق اوپننگ بلے باز یاسر حمید نے کہا ہے کہ عمران بٹ اور سعود شکیل ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کا مستقبل ہیں۔ بدھ کو اپنے ایک انٹرویو میں یاسر حمید نے کہا کہ میرے خیال میں عمران بٹ اور سعود شکیل پاکستان کرکٹ کا مستقبل ہیں۔ یاسر حمید نے کہا کہ عمران بٹ کو اس لئے پسند کرتا ہوں کہ وہ ایک اوپنر بلے باز ہے جو گیند کو دیر سے کھیلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ان کا کھیلنے کا طریقہ بے مثال ہے اور مجھے لگتا ہے وہ موقع ملنے پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا۔سعود شکیل کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعود شکیل کو قائداعظم ٹرافی 2020-21ءمیں دیکھ چکا ہوں‘ وہ ایک سٹائلش بلے باز ہے۔

(جاری ہے)

وہ سخت حالات میں اپنے آپ کو ڈھال کر کھیلتا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ آنے والے وقت میں وہ قومی ٹیم کا حصہ بنے گا اور اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا۔

دونوں کھلاڑی ڈومیسٹک کرکٹ میں کافی ٹائم سے موجود ہیں اور اچھا پرفارم کر رہے ہیں۔ عمران بٹ کو نیوزی لینڈ کے خلاف 35 رکنی سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ اس دوران ہیڈ کوچ مصباح الحق نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ سلیکشن کمیٹی قومی ٹیم میں کھیلنے کے لئے دوڑ میں شامل سعود شکیل کی ڈومیسٹک کے باقی سیزن میں کارکردگی پر بغور نظر رکھے ہوئے ہے۔