خبریں

تازہ ترین

اظہر علی پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے دستبردار ہوگئے … ٹیم کے اسٹار بلے باز بابر اعظم ٹیم کے نئے کپتان ہوں گے، فی الحال صرف دورہ نیوزی لینڈ کیلئے تقرری کی گئی

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین – 10 نومبر 2020ء) اظہر علی پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے دستبردار ہوگئے، ٹیم کے اسٹار بلے باز بابر اعظم ٹیم کے نئے کپتان ہوں گے، فی الحال صرف دورہ نیوزی لینڈ کیلئے تقرری کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اظہر علی نے خود کو پاکستانی ٹیم کی کپتانی سے دور کر لیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اظہر علی کی جگہ اب بابر اعظم قومی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کے فرائض انجام دیں گے۔ بابر اعظم نے نئی ذمے داری سنبھالنے کیلئے رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ تاہم فی الحال بابر اعظم صرف دورہ نیوزی لینڈ کیلئے ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مقرر کیے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ کچھ روز قبل خبر سامنے آئی تھی کہ قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کو کپتانی سے ہٹانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کی جانب سے بتایا گیا کہ مصباح الحق کی جانب سے چیف سلیکٹر کا عہدہ چھوڑنے کے بعد اظہر علی کیلئے بھی عہدہ بچانا مشکل ہوگیا تھا۔ دورہ نیوزی لینڈ کے دوران اظہر علی کی بجائے محمد رضوان کو ٹیم کی قیادت کی ذمے داری سونپنے کی خبریں سامنے آئی تھیں، جن کی بعد میں تردید کی گئی۔ بتایا گیا کہ بابر اعظم کو ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی بھی سونپے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی تینوں طرز کی ٹیموں کیلئے ایک ہی کپتان مقرر کرنے کا خواہاں ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ اظہر علی کی قیادت میں اب تک قومی ٹیم کی کارکردگی کافی ناقص رہی ہے۔ اظہر علی کی ناقص کپتانی کی وجہ سے ہی دورہ انگلینڈ میں پاکستانی ٹیم جیتا ہوا ٹیسٹ میچ ہار گئی تھی۔ اب نئے کپتان کے نام کے اعلان کے بعد دورہ نیوزی لینڈ کیلئے قومی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان نومبر کے دوسرے ہفتے میں کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ کچھ روز قبل بھی خبر سامنے آئی تھی کہ وزیراعظم عمران خان نے قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کی کپتانی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں تبدیل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس حوالے سے ذرائع کا بتانا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ کمیٹی کے ایک رکن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ دورہ انگلینڈ کے دوران مانچسٹر ٹیسٹ دیکھ رہے تھے۔ میچ پاکستان کے ہاتھ میں تھا پھر بھی انگلینڈ نے فتح حاصل کر لی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اظہر علی کی کپتانی ناقص رہی، انہیں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔