خبریں

تازہ ترین

وزٹ ویزہ اور عمرہ پرروانگی کے لیے پاکستانیوں کو مزید سفری آپشنز مل گئیں … سعودی سول ایوی ایشن نے تمام ایئر لائنز کو وزٹ ویزہ اور عمرہ مسافروں کو سعودیہ لانے کی اجازت دے … مزید

ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7 نومبر2020ء) سعودی حکومت کی جانب سے دُنیا بھر کے ممالک کو عمرہ کے لیے سعودیہ آنے کی اجازت دے دی ہے۔ جس کے بعد پاکستان سے بھی لاکھوں افراد عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے لیے سفر کرنے کو بے تاب ہیں۔ تاہم پروازوں کی جلد از جلد دستیابی بھی ان کے لیے ایک مسئلہ رہتا ہے کیونکہ دُنیا بھر میں عمرہ کرنے والوں میں پاکستانیوں کا نمبر پہلا ہوتا ہے۔ گزشتہ سال بھی 17 لاکھ سے زائد پاکستانیوں نے عمرے کی سعادت حاصل کی تھی۔ مگر اب ان کے لیے ایک اچھی خبر آ گئی ہے۔ سعودی حکومت نے تمام غیر ملکی ایئر لائنز کوعمرہ اوروزٹ ویزا کے حامل مسافروں کولانے کی اجازت دے دی۔ سعودی جنرل اتھارٹی برائے سول ایوی ایشن نے اس حوالے سے احکامات جاری کردیئے ہیں۔جنرل اتھارٹی کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن میں تمام ایئرلائنز حکام کوایس اوپیزپرعملدرآمد لازمی قرار دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

نوٹیفکیشن میں وزٹ ویزاسمیت عمرہ زائرین کیلئے متعلقہ قواعدوضوابط کی پاسداری بھی لازمی قراردی گئی ہے۔کوروناوبا کے دوران عائدپابندی ک کے بعدغیرملکی ایئرلائنزکوسعودی عرب کی جانب سے پہلی بارآپریشن کی اجازت دی گئی ہے۔واضح رہے کہ سعودی عرب نے یکم نومبر سے بیرون ملک کے زائرین کیلئے عمرہ کھولنے کا اعلان کیا، جس کے بعد انڈونیشیا اور پاکستان سے عازمین کا پہلا دستہ یکم نومبر کو ہی جدہ اور مدینہ ایئرپورٹ پہنچا تھا۔ایک اور خوش خبری یہ ہے کہ سعودی حکومت نے پی آئی اے کو القصیم کے لیے بھی ہفتہ وار دو پروازیں چلانے کی اجازت دے دی ہے۔ پی آئی اے کے ترجمان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ القصیم کے لیے ہفتہ وار دو پروازیں روانہ ہوا کریں گی۔ پی آئی اے کی جانب سے ملتان کے لیے پہلی پرواز 19 نومبر کو روانہ ہو گی۔ جس کے بعد اسلام آباد اور ملتان سے القصیم کے لیے ہفتہ وار دو پروازوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ اس سے پہلے پی آئی اے کی پروازیں جدہ، ریاض، مدینہ اور دمام کے لیے روانہ ہو رہی تھیں، اب القصیم کے بھی شامل ہونے سے یہ پی آئی اے کا پانچواں اسٹیشن ہو گا۔