خبریں

تازہ ترین

خواہش ہے پاکستانی کھلاڑی آئی پی ایل اور بھارتی کھلاڑی پی ایس ایل کھیلیں :وسیم اکرم … کھیل کو سیاست سے علیحدہ رکھنا چاہیئے ،یہ دونوں ملکوں کی حکومتوں کا مسئلہ ہے جس پر … مزید

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4 نومبر 2020ء ) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی، سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ وہ پاکستانی کھلاڑیوں کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کھیلتے دیکھنا چاہتے ہیں ۔ بھارتی میڈیا کو اپنے انٹرویو میں وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں کھیل کو سیاست سے علیحدہ رکھنا چاہیئے تاہم یہ پاکستانی اور بھارتی حکومتوں کا مسئلہ ہے جس پر وہ کچھ نہیں کہہ سکتے ۔ وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ انہیں غم ہے کہ پاکستانی کھلاڑی آئی پی ایل میں شریک ہونے کے موقع گنوارہے ہیں ، وہ پاکستان کے نئے ٹیلنٹڈ کھلاڑیوں کو آئی پی ایل میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھاتے دیکھنا چاہتے ہیں ، وہ چاہتے ہیں کہ پاکستانی کھلاڑی آئی پی ایل اور بھارتی کھلاڑی پاکستان سپر لیگ کھیلیں۔

(جاری ہے)

وسیم اکرم نے اپنے انٹرویو کے دوران بھارتی کپتان ویرات کوہلی اور پاکستانی وائٹ بال کپتان بابراعظم کے موازنے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ بابر اعظم کے اپنے بھارتی ہم منصب کی طرح کھیل میں مزید مستقل مزاجی لانے کے خواہاں ہیں ۔

وسیم اکرم کا مزید کہنا تھا کہ وہ بابراعظم اور ویرات کوہلی کا موازنہ نہیں کریں گے تاہم اتنا ضرور کہیں گے کہ بابراعظم میں غیر معمولی صلاحیتیں ہیں اور وہ ہر فارمیٹ میں خود کو منوا چکے ہیں ۔ وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ اگر بابراعظم مثبت طریقے سے بھارتی کپتان ویرات کوہلی کے ساتھ اپنا موازنہ جاری رکھتے ہوئے ان کی طرح مزید مستقل مزاجی کے ساتھ اچھی کرکٹ کھیلے تو انہیں بہت خوشی ہوگی۔