October 24, 2020

News PK

Latest Updates

بیساکھیوں پر کھڑی حکومت جلد گرے گی، مریم نواز

حکومت پر سخت تنقید

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وفد کے ہمراہ مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز سے ان کی رہائش گاہ جاتی امراء لاہور میں ملاقات کی جس میں اپوزیشن تحریک اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مولانا فضل الرحمان کے ساتھ وفد میں ان کی جماعت کے رہنما اور جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما شاہ اویس نورانی بھی شامل تھے جبکہ مریم نواز کے ساتھ مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما رہنما شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، خواجہ آصف، سعد رفیق، محمد زبیر اور رانا ثناء اللہ سمیت دیگر رہنما موجود تھے۔

ملاقات کے بعد مریم نواز نے مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولانا میری دعوت پر جاتی امرا تشریف لائے ہیں۔ ان سے بہت سارے امور پر مشاورت ہوئی ہے۔ وہ میرے والد کے ساتھی اور شفیق بزرگ ہیں۔ ان کے پی ڈی ایم کے سربراہ منتخب ہونے پر سب خوش ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ عوام پی ڈی ایم کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ عوام چاہتے ہیں کہ انہیں اور اس وطن عزیز کو اس عذاب سے نجات دلائی جائے۔ اس سلیکٹڈ عوام دشمن حکومت سے نجات ہی ملک وقوم کے لیے سب سے بڑا ریلیف ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے قیادت منتخب کرنے کا حق بندوں کو دیا ہے جو ووٹ کی صورت میں وہ استعمال کرتے ہیں۔ اب یہ فیصلہ ہوگا کہ عوام ہی اس ملک کے فیصلے کریں گے اور عوام سے یہ حق کوئی نہیں چھین سکتا۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ آئین کے دفاع اور ووٹ کی حرمت کی تحریک ہے۔ اس کے ساتھ میڈیا اور عدلیہ کی آزادی کا مقدمہ بھی پی ڈیم ایم لڑے گی۔

مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان کے حالیہ انٹرویو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کے بقول نواز شریف کی باتوں سے بھارت خوش ہوتا ہے۔ بھارت آئین کے تقدس اور ووٹ کی عزت بات کرنے سے خوش نہیں ہوتا بلکہ اس وقت خوش ہوتا ہے جب آپ کشمیر کو پلیٹ میں رکھ مودی کو پیش کرتے ہیں۔ جب پاکستان کی معیشت کا دیوالیہ نکلتاہے۔ جب دھاندلی سے کمزور حکومت آتی ہے۔ جب آپ اداروں کو متنازع بناتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ نا اہل حکومت بے ساکھیوں پر کھڑی ہے اور اپنے وزن سے خود گرے گی۔ ابھی جلسے شروع بھی نہیں ہوئے اور گوجرانوالہ کی پوری انتظامیہ کو تبدیل کردیا گیا۔

مولانا فضل الرحمان نے اس موقع پر کہا کہ تمام اپوزیشن جماعتیں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے پلیٹ فارم پر مجتمع ہے۔ تاریخ کی بدترین دھاندلی سے وجود میں آئی حکومت دو سال کی کارکردگی کی بنیاد پر نا اہل ثابت ہوئی۔ اس حکومت نے پاکستان کی معیشت کی عمارت کو زمیں بوس کردیا ہے۔ اس حکومت کو گھر بھیج کر دم لیں گے۔

متعلقہ خبریں