October 19, 2020

News PK

Latest Updates

بھارتی لیجنڈ اداکار دلیپ کمار اپنے گھر کی دوبارہ تزئین وآرائش کر کے میوزیم قرار دینے کے فیصلے پرانتہائی خوش

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین – اے پی پی۔ 03 اکتوبر2020ء) : بھارتی لیجنڈ اداکار دلیپ کمار عرف یو سف خان نے کہا ہے کہ انہیں اپنے پشاور والے گھر کا ٹیرس، کمرے اور ہر چیزیاد ہے۔ اداکار نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹرپر پشاور کے قصہ خوانی بازار میں واقع اپنے آبائی گھر کی کچھ یادیں شیئر کی ہیں۔حال ہی میں خیبرپختونخوا حکومت نے پشاور میں واقع بھارتی لیجنڈ اداکاروں دلیپ کمار اور راج کپور کے گھروں کی دوبارہ تزئین و آرائش کرکے انہیں میوزیم قرار دینے کا فیصلہ کیاہے۔ اس خبر کو سن کر بھارت میں موجود دلیپ کمار اور ان کی اہلیہ بہت خوش ہیں۔دلیپ کمار نے چند روز قبل پشاور کے شہریوں سے ان کے آبائی گھر کی تصاویر شیئر کرنے کی بھی درخواست کی تھی اور اب ان کے ٹوئٹر اکانٹس سے چند ٹوئٹس کی گئی ہیں جن میں انہوں نے پشاور والے گھر میں گزارے گئے وقت اور اپنے بچپن کی حسین یادیں لوگوں کے ساتھ شیئر کی ہیں۔

(جاری ہے)

دلیپ کمار نے لکھا ہمارے پشاور والے گھر میں میری والدہ ہمیشہ بڑے سے کچن میں مصروف رہتی تھیں اس وقت میں بہت چھوٹا تھا اور انتظار کرتا تھا کہ کب میری والدہ کچن کے کام ختم کریں تاکہ میں ان کے ساتھ بیٹھ کر ان کا خوبصورت چہرہ دیکھ سکوں،مجھے اس گھر کا وہ کمرہ یاد ہے جہاں تمام گھر والے شام کی چائے کیلئے جمع ہوتے تھے۔

وہ ایک کشادہ کمرہ تھا اور اسی کمرے میں خواتین عبادت کرتی تھیں۔میرے پاس قصہ خوانی بازار کے گھر کی خوبصورت یادیں ہیں جہاں مجھے اپنی زندگی کا پہلا سبق ملا جس نے بعد میں مجھے اسکرپٹ منتخب کرنے میں رہنمائی کی۔ ہر روز جب قصہ خوانی بازار میں تجارت بند ہوتی تھی تو ایک کہانی سنانے والا بہادری، فتح، فریب اور انتقام کی داستانیں بیان کرتا تھا جنہیں میں اپنے والد اور انکل کے ساتھ بیٹھ کر بڑی توجہ سے سنتا تھا۔اس کے علاوہ دلیپ کمار نے گزشتہ روز اردو میں ٹوئٹ کرکے ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی خواہش پر ان کے آبائی گھر کی تصویریں شیئر کی تھیں۔واضح رہے کہ دلیپ کمار 11دسمبر 1922کو پشاور کے قصہ خوانی بازار کے قریب محلہ خداداد میں واقع اسی گھر میں پیدا ہوئے، اس گھر کوگودام کے طور پر استعمال کیا جارہا تھا تاہم خیبرپختونخوا حکومت نے اسے اپنی تحویل میں لے لیاہے جس کی تزئین و آرائش جاری ہے۔ دلیپ کمار نے آخری بار 1988میں اپنے آبائی گھر کا دورہ کیا تھا۔ اس گھر میں دلیپ کمار نے اپنا بچپن گزارا ہے۔