October 27, 2020

News PK

Latest Updates

بالی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت نے خودکشی کی تھی، میڈیکل بورڈ … خصوصی میڈیکل ٹیم نے بھارتی اداکار کے وکیل اور گھر والوں کی جانب سے زہر دیے جانے اور گلا گھونٹے جانے کے … مزید

ممبئی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 اکتوبر2020ء) بھارتی اداکار شسانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد ان کے گھر والوں کی شکایت پر سی بی آئی کی جانب سے قائم کیے جانے والے خصوصی میڈیکل بورڈ کی جانب سے حتمی فیصلہ سنا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کی جانب سے قائم گئے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمز) کے خصوصی میڈیکل بورڈ نے اپنی رپورٹ سی بی آئی حکام کے سامنے پیش کردی ہے۔ بھارتی میڈیا ذرائع کے مطابق میڈیکل بورڈ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اداکار سشانت سنگھ راجپوت نے خودکشی کی تھی۔ ان کے جسم پر قتل کیے جانے کے کوئی نشانات نہیں ملے ہیں۔ ذرائع کے مطابق میڈیکل بورڈ نے اپنی تحقیقات مکمل کرنے کے بعد رپورٹ سی بی آئی کے حوالے کردی ہے۔

(جاری ہے)

سی بی آئی حکام کا کہنا تھا کہ اس ہائی پروفائل مقدمے کی مزید کارروائی میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کو مدِ نظر رکھ کر کی جائے گی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کے بعد اب سی بی آئی کیس کو نئے اینگل سے دیکھے گی اور یہ پتہ لگانے کی کوشش کرے گی کہ سشانت سنگھ کی خودکشی کے محرکات کیا تھے۔ سی بی آئی حکام کا کہنا ہے کہ رپورٹ سے واضح ہوگیا کہ یہ خودکشی کا معاملہ ہے لیکن اگر قتل کے کوئی ٹھوس شواہد ملے تو کیس میں دفعہ 302 کو بھی شامل کیا جاسکتا ہے۔ سی بی آئی کی جانب سے مزید کہا گیا کہ خصوصی میڈیکل ٹیم نے بھی سشانت سنگھ رجپوت کی موت کی وہی وجہ بتائی جو ممبئی کے ہسپتال نے ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتائی تھی۔ واضح رہے کہ ممبئی کے ہسپتال کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ سشانت کی موت پھندا لگنے کے باعث دم گھٹنے سے ہوئی ہے۔ سشانت سنگھ راجپوت کو 14 جون کو ممبئی کے ہسپتال میں لایا گیا تھا، سشانت سنگھ راجپوت اپنے اپارٹمنٹ میں مردہ پائے گئے تھے جبکہ پولیس کی جانب سے ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کی روشنی میں اسے خودکشی قرار دیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ سشانت کے گھر والوں نے اس کی موت کو قتل قرار دیا تھا اور بالی وڈ اداکارہ ریا چکرورتی پر سشانت کے قتل کا الزام لگایا تھا۔